کراچی(ٹی وی رپورٹ)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کشمیر کے لئے پاکستان پر 3 جنگیں تھوپی گئیں لیکن اپنے خطے کے لئے ہم 3 تو کیا 300جنگیں لڑنے کے لئے بھی تیار ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے، یہ مسئلہ 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ میں حل طلب ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قانون سازی کر رہا ہے، بھارتی سپریم کورٹ کا کشمیر پر فیصلہ مضحکہ خیز غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، بھارت قانون سازی سے عالمی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتا۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ایوان میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پہلا نگراں وزیراعظم ہوں جسے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خطاب کے لیے دعوت دی گئی۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں پچھلی 7 دہائیوں سے حل طلب ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی ظلم وبربریت جاری ہے، مسئلہ کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھی لاکھوں کشمیری بھارتی غیرقانونی تسلط میں ہیں، 1948 سے جموں کشمیرعالمی سطح پر نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ قرار دادوں کے مطابق حل طلب ہے۔