دبئی، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) یمن کے حوثیوں کا کہنا ہے کہ امریکی پوری دنیا کو متحرک کرلے پھر بھی بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملے جاری رہیں گے ، حوثیوں کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بحیرہ احمر میں اسرائیل جانے والے تمام جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند نہیں کریں گے،امریکا نے بحیرہ احمر میں عالمی شپنگ لین کے تحفظ کیلئے کثیرالقومی نیول ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کردیا ہے، امریکی قیادت میں بننے والے اس اتحاد میں برطانیہ، کینیڈا، فرانس، بحرین، ناروے اور اسپین جیسے ممالک نے بھی شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ حوثیوں کے سینئر اہلکار محمد البخیتی نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ "اگر امریکا پوری دنیا کو متحرک کرنے میں بھی کامیاب ہو جاتا ہے تو بھی، ہماری فوجی کارروائیاں نہیں رکیں گی خواہ اس کے لئے ہمیں کتنی ہی قربانیاں دینی پڑیں۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے نہر سویز کی طرف جانے والے پانیوں میں جہازوں پر غیر معمولی حملوں کی مذمت کی ہے، ان حملوں کے بعد بہت سی شپنگ کمپنیاں اپنے جہازوں کا رخ موڑنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔