کراچی( افضل ندیم ڈوگر) اولڈ سٹی ایریا کے علاقے میں ٹمبر مارکیٹ کی دکان میں فائرنگ کا واقعہ بھتے کا شاخسانہ ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اسٹیل کے کاروبار کے مالک شہزاد جعفرانی کو دفتر میں گولیاں مار کر قتل کیاگیا۔ ملزمان نے واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے بھی شدید فائرنگ کی۔ مقتول بہادرآباد کا رہائشی تھا، جو حسب معمول اپنی دکان کے کاؤنٹر پر بیٹھا تھا اور دکان میں موجود دو افراد سے گفتگو کر رہا تھا کہ ملزمان نے اسے سر کا نشانہ بنا کر گولی ماری اور وہ چند سیکنڈ میں ڈھیر ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کو دیگر تاجروں کی طرح لیاری گینگ وار کی جانب سے بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی. گینگ وار نے کروڑوں روپے بھتہ طلب کیا تھا۔ نیپئر پولیس نے محمود شاہ روڈ پر جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کرلئے۔ حملہ آوروں نے ماسک لگا رکھے تھے، وارات کے وقت بجلی بند تھی۔