کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بار کونسل کے ممبر منیر احمد کاکڑ ایڈووکیٹ نے کوئٹہ کے وکیل عمران علوی ایڈووکیٹ کی گمشدگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایک وکیل کی گمشدگی قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے خفیہ ادارے کی جانب سے وکیل و سیاسی ورکر کو کسی سیاسی جماعت پی ٹی آئی سے وابستگی کی بنیاد پر لاپتہ کرنے نفرتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ گذشتہ روز کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے وکیل عمران علوی ایڈووکیٹ کی گمشدگی باعث تشویش ہے۔ عمران علوی ایڈووکیٹ کی مبینہ جبری گمشدگی قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے یا اگر عمران علوی کو ایک سیاسی جماعت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے کی بناء پر لاپتہ کیا گیا ہے تو یہ عمل معاشرے میں نفرت کا موجب بنے گا جس سے بگاڑ میں مزید اضافہ ہوگا جو ملک کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔ ایک طرف امن و امان کی مخدوش صورتحال دوسری طرف لاپتہ افراد سے متعلق لانگ مارچ کے شرکاء پر تشدد کا مسئلہ حل طلب ہے جبکہ دوسری جانب سے کوئٹہ سے ایک وکیل کی جبری گمشدگی مزید سوالات کو جنم دیتاہے ایک وکیل کی گمشدگی قابل مذمت ہے۔ انہوں نےمطالبہ کیاکہ عمران علوی ایڈووکیٹ کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔بصورت دیگر بلوچستان بار باڈیز اس معاملے پر سخت اقدامات اٹھانےسے گریز نہیں کریں گے۔