لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اعلان کیا ہے کہ عمران خان کو انصاف دلانے کے لیے عمران خان کے بیٹوں کی جانب سے برطانیہ میں اور امریکی سفارت کار ڈونلڈ لو کے خلاف امریکا میں مقدمات چلائے جائیں گے لیکن مقامی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ابھی تک ایسی کسی پیش رفت کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔ دی نیوز نے برطانیہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین معتبر افراد سے بات کی جنہوں نے تصدیق کی کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں اور وہ نہیں جانتے کہ آیا عمران خان کے بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان لندن ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کرنے جا رہے ہیںاور مدعا علیہ/ مدعا علیہ کون ہو گا۔ جمائما خان نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا لیکن ان کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انہیں برطانیہ میں کسی بھی کیس کے بارے میں ابھی تک کوئی علم نہیں او رذرائع نے کہا کہ وہ اب تک ایسی کسی کوشش کا حصہ نہیں ہیں۔