اوسلو (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن ناروے کے زیر اہتمام یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور قائد ن لیگ میاں نواز شریف کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ نناروے کے صدر شاہد تنویر ،چیف آرگنائزر نزیرخالد بٹ، چوہدری رفاقت علی، ذوالفقار احمد گوندل، منور ڈار، محمد الیاس، راجہ منصور الحق، چوہدری اصغر ڈھکر اور دیگر سیاسی وسماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ نذیرخالد بٹ اور شاہد تنویر نے کہا کہ قائداعظمؒ نے دو قومی نظریہ پیش کر کے مسلم دنیا کی پہلی نظریاتی ریاست کے طور پر پاکستان حاصل کیاجس پر ہم اور پوری قوم ان کی بہت شکر گزار ہیں اور ہمارے قائد میاں نواز شریف نے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے وہ کام کئے جو کوئی دوسری جماعت نہ کر سکی، پاکستانی عوام اب جان چکے ہیں کہ اس پاکستان کی باگ ڈور میاں نواز شریف ہی سنبھال سکتے ہیں کیونکہ میاں نواز شریف حقیقی معنوں میں پاکستانی عوام کی تکالیف کو سمجھتے ہیں اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر قائد اعظم اور میاں محمد نوازشریف کے یوم پیدائش کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کے استحکام کیلئے دعائیں کی گئیں۔