اوسلو (ناصراکبر)پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے زیر اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد پارٹی آفس میں کیا گیا۔تقریب کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے کی۔ مہمان خصوصی پی پی پی ناروے کے سینئر رہنما میاں محمد اسلام تھے ، نظامت سیکرٹری جنرل علی اصغر شاہد نے کی ۔ خالد اسحاق دھنیال نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی اور اپنے خطاب میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس سے پارٹی عہدیداروں اور کمیونٹی کے مختلف رہنماؤں کے علاوہ پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے بھی خطاب کیا۔ پی پی پی ناروے کے انفارمیشن سیکرٹری راجہ عاشق حسین نے مقالہ پڑھا۔ سینئر نائب صدر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید عالم اسلام کی وژنری رہنما تھیں، ان کی شہادت عالم اسلام کا نقصان ہے۔ نارویجن کنزرویٹو پارٹی کے رہنما کونسلر طلعت محمود بٹ نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی کتاب ری کانسیلیشن پر بات کی اور کہا کہ یہ ایک زبردست دستاویز تھی جس پر عمل کر کے پاکستان ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے۔اوسلو سٹی کونسل کے سابق رکن اور سماجی رہنما عامر جاوید شیخ نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور بلاول بھٹو زرداری سے اپنی ملاقاتوں اور یادوں کو شئیر کیا۔معروف دانشور اور متحدہ محاذ آزادی کے رہنما ارشد بٹ نے بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور پاکستان کے موجودہ حالات کے حوالے سے گفتگو کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد آئین اور قانون کی بالادستی، محنت کشوں اور خواتین کے حقوق کیلئے ہے۔ ڈاکٹر چوہدری غیاث، شیخ طارق محمود ، شیخ جنید، طارق چوہدری، مہدی خان ، چوہدری جاوید پسوال، راجہ محمد سلیم، محمد ریاض چوہدری ،عجب خان اوررافع اللہ کے علاوہ دیگر نے تقریب میں شرکت کی ۔چوہدری جہانگیر نواز نےاشعار سے شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب میں چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں اور راجہ عاشق حسین نے جئے بھٹو کے پُرزور نعرے لگائے۔ طلعت محمود بٹ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔