گریٹر مانچسٹر، بولٹن (ابرار حسین) پاکستان پیپلزپارٹی نارتھ ویسٹ اوریارکشائر کے چیف آرگنائزر حاجی گلزار خان نے کہا ہے کہ27دسمبر کا سورج جب بھی غروب ہوگا تب ہی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی کرشمہ سازشخصیت کا مہتاب پاکستان کے سیاسی افق پر جگمگا اٹھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزہاؤس مانچسٹر میں بینظیربھٹو کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے قبل بینظیر بھٹو شہید کیلئے دعائے مغفرت کی گئی، حاجی گلزارنے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کی شمع کو روشن کرنے کیلئے ہرڈکٹیٹر اور ہرظالم و جابر حکمران کے سامنےجھکنےکی بجائے مر مٹنے کو ترجیح دی اور کئی بار قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ظلم کا کوئی بھی حربہ قید وبند ان کے حوصلے میں لغزش نہ پیدا کر سکا۔ انہوں نے کہا قربانی پیپلزپارٹی کی سرشت میں شامل ہےاور پارٹی اپنی شاندار روایات کو زندہ رکھے ہوئے ملک و قوم کی خاطر آئندہ بھی بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کی مرکزی قیادت کی جانب سے الیکشن کے حوالے سے وصول کئے گئے ایک پیغام کے مطابق پیپلزپارٹی کو برطانیہ بھر میں مزید فعال بنانے کیلئے جلد ہی پارٹی کارکنوں کو متحرک کیا جائے گا تاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ پیپلز پارٹی برطانیہ کی ویمن ونگ کی کوارڈینیٹر غزالہ خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہید بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کا ورثہ ہے جنہوں نے اصولوں کی سربلندی کی خاطرشہادت کا راستہ اختیار کیا اور ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک سنہرے باب کااضافہ کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے ریکارڈ سیکرٹری نصراللہ مغل نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک تحریک کا نام ہے اور بینظیر بھٹو شہید ایک عظیم باپ کی عظیم بیٹی تھی انہوں نے کہا بینظیر بھٹو شہیر بے باک جرات اور نظریاتی شخصیت کی بنا پر بے شمار خوبیوں کی مالک تھیں اور پارٹی کیلئے ان کا کردار اور خدمات ناقابل فراموش ہیں اور انہوں نے سامراجی قوتوں کے خلاف جس طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا وہ ایک لازوال جدوجہد کی شاندار مثال ہے اس لئے انہیں جتنابھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔ پیپلزپارٹی بولٹن کے قائمقام صدر شیخ یاسر وسیم نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید گو آج وہ ہم میں موجود نہیں لیکن ان کی خوبصورت باتیں اور ان کے سیاسی سفر کی یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی انہیں کسی بھی سطح پر عوام کے دلوں سے نہیں مٹایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا افسوس کا مقام ہے کہ سفاک قاتل اتنے بااثر ہو گئے کہ آج تک ان کا نام و نشان نہیں ملا۔ پیپلزپارٹی بولٹن کے جنرل سیکرٹری علی رضا نے کہاکہ 27 دسمبر کا سورج کیا ڈوبا کہ جس کے ڈوبنے سے مشرق اور مغرب بھی اداس ہے اور آج پاکستان جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے اس سے بینظیر شہید کی کمی کوشدت سے محسوس کیا جا رہا ہے۔ تقریب سے چوہدری محمد اسلم اورعاصم چوہدری نے بھی خطاب کیا۔