• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر بھٹو عالمی سطح کی منفرد رہنما تھیں، ابرار میر

لندن( جنگ نیوز) شہید بینظیر بھٹو عالمی سطح کی منفرد رہنما تھیں،بھٹو جیسا دلیر خاندان نہ کوئی ہے اور نہ کوئی ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ‏ڈیوزبری میں شہید بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں کیا۔ ابرار میر ‏ نےشہید بینظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد پر تفصیلی گفتگو اور نوجوانوں کو پیپلزپارٹی کے شہید قائدین کی قربانیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے نوجوانی میں پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی اور اب ایک بار پیپلزپارٹی نے پھر بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں نوجوان قیادت مہیا کی جو پیپلزپارٹی کا ہی خاصہ ہے اور آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے۔ بینظیر بھٹو صرف پیپلزپارٹی کی نہیں بلکہ پاکستان، ایشیا اور عالمی اسلام کی ایک مدبر رہنما تھیں ، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ابرار میر نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف جب الیکشن ہارتے تھے تو بی بی شہید ان کا حوصلہ بڑھاتی تھیں اور دیکھ لیں کہ وہ وزیراعظم پاکستان بنے اور اب اسپیکر بھی ہیں، یہ گوجرخان کے باسیوں کا بڑا اعزاز ہے۔تقریب کا اہتمام گوجرخان کے جیالوں چوہدری منیر، کامران منظور، ساجد بٹ، حسنین شاہ، چوہدری عرفان منظور، طاہر محمود اور تبارک چیمہ نے کیا تھا۔تقریب کی نظامت عمران علی نے کی جب کہ عابد ہاشمی نے تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔ ‏صدر تقریب اور پیپلزپارٹی نارتھ زون کے صدر چوہدری ظفر نے کہا کہ 27دسمبر پاکستان میں سیاہ ترین دن ہے جب محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔ محمد ریاض صدر لائرز فورم PYO یورپ نے کہا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نام نہیں بلکہ ایک نظریہ ہیں۔ تقریب سے چوہدری عالمگیر سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی نارتھ، چوہدری اشتیاق انفارمیشن سیکرٹری کشمیر کمیٹی یورپ اور عاصم حسیب سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی ایسٹ لندن نے بھی شہید بینظیر بھٹو کے مشن پر روشنی ڈالی۔ ‏مہمان خصوصی ابرار میر نے آخر میں چوہدری منیر، کامران منظور، ساجد بٹ، حسنین شاہ، چوہدری عرفان منظور اور تبارک چیمہ کو اجرک کا تحفہ دیا۔
یورپ سے سے مزید