کوئٹہ(آن لائن) نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری مزمل شاہ کی قیادت میں نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے چیئرمین سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ پر وزیرستان میں الیکشن مہم کے دوران قاتلانہ حملے اور ان کی گاڑی پر فائرنگ کیخلاف جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پشتون قومی سیاسی تحریک کے جمہوری پارٹیوں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ندا سنگر، عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی صدر ثناء اللہ کاکڑ اور رحمت وطن پال نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محسن داوڑ پر قاتلانہ حملے کو بدترین دہشت گردی قرار دیکر اس کی مذمت کی اور واقعہ کا ذمہ ریاست اور حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ استعماری آمرانہ قوتوں نے دہشت گردی ،جنگ کو معیشت و کاروبار بناکر پشتونخوا وطن کو اس کا مرکز بنایا ہے اور اس کے ذریعے خطے و پشتون افغان ملت سے متعلق استعماری و توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کی جارہی ہے اور ہزاروں سیاسی رہنماؤں و کارکنوں اور عوام کو اب تک دہشت گردی کا شکار بنایاگیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ محسن داوڑ پشتون قومی تحریک اور محکوم عوام کےلیے توانا آواز ہے۔ جنہوں نے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔ دہشت گردی، بد امنی، جنگی کاوربار کے ،خلاف آواز بلند کی ہے ان پر حملہ در اصل جمہوری آواز کو خاموش کرنے اور ہمارے لوگوں کو دہشت اور خوفزدہ کرنے کی سازش ہے۔ پشتون قومی تحریک اور ہمارے غیور عوام جمہوری سیاسی جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے حکمرانوں کی پشتون دشمن عزائم کو ناکام بناکر دہشت گردی کا راستہ روکیں گے۔ مقررین نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء ملک امان اللہ مہترزئی کے گھر پر فورسز کے حملے اور چھاپے کی شدید مذمت کی۔