لندن (طاہر انعام شیخ،آصف مغل ) وزیراعظم رشی سوناک نے کہا ہے کہ وہ اس مفروضے پر کام کر رہے ہیں کہ اس سال کے دوسرے نصف میں عام انتخابات کروا دیں گے۔ حالیہ ہفتوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں کہ وہ مئی میں بلدیاتی الیکشن کے ساتھ ہی جنرل الیکشن بھی کروا دیں گے، لیکن رشی سونک کے نئے بیان نے کم از کم چند ہفتوں کے لئے ان افواہوں کو ختم کر دیا ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ رشی سونک نے سوچ سمجھ کر مفروضے کے جو الفاظ استعمال کئے ہیں وہ ان کو نئے مروضی حالات کے مطابق الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے کی بھی گنجائش دیتے ہیں۔ وزیراعظم نے مئی کے انتخابات کو واضح طور پر مسترد کرنے سے انکار کیا ہے لیکن سال کے آخر تک انتخابات کرانے کے اپنے وعدے کو دہرایا ہے۔ مینفلیڈ کے یوتھ سینٹر میں اپنے دورے کے دوران کہا کہ میں حکومت جاری رکھنا چاہتا ہوں، معیشت کواچھے طریقے سے چلانا چاہتا ہوں، ٹیکسوں میں کمی کرنا چاہتا ہوں، غیر قانونی امیگریشن سے نبٹنا چاہتا ہوں، میں برطانوی عوام کے لئے ڈلیور کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ گزشتہ بارہ ماہ ملک کے لئے مشکل رہے ہیں۔ ملک ابھی تک یوکرائن کی جنگ، کوویڈ اور غزہ کی جنگ کے اثرات سے نمٹ رہا ہے۔ لیبر لیڈر سرکیئر سٹارمر نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ ملک کو تبدیلی کی ضرورت ہےوزیراعظم اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں اورالیکشن میں تاخیر کر رہے ہیں۔ رشی سوناک نے مئی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر انتخابات کے انعقاد کو مسترد کرنے سے انکار کیا، لیکن کہا کہ انہیں معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانا ہے۔ میں معیشت کو اچھی طرح سے سنبھالنا اور لوگوں کے ٹیکسوں میں کمی کرنا چاہتا ہوں، لیکن میں غیر قانونی نقل مکانی سے نمٹنا بھی چاہتا ہوں۔میرے پاس آگے بڑھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ دوسری جانب لیبر پارٹی کے سربراہ سرکیئر اسٹارمر نےکہا ہے کہ وزیراعظم رشی سوناک زیادہ دیر اقتدارمیں رہناچاہتے ہیں،ملک طویل انتخابی معرکے کے لیے تیار ہے۔ لیبر لیڈر اسٹارمر نے سوناک کی تقریر کو مسترد کرتے ہوئے تابڑتوڑ حملے کیے۔ اور کہا کہ وزیر اعظم ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ پر زیادہ دیر قابض رہنا چاہتے ہیں ۔لیبر لیڈر نے برسٹل میں ایک اہم تقریر کے دوران اپنا "پروجیکٹ امید" کا منصوبہ پیش کیا اورعندیہ دیا ہے کہ ان کی پارٹی انتخابی مہم چلانے کے لیے تیار ہے، اسٹارمر نے کارکنوں کو خبردار کیا کہ جلد ان کے حریف کم ہو جائیں گے ۔ انہوں نے وزیر اعظم پر موسم بہار کے انتخابی مقابلے کو سبوتاژ کرنے کا الزام لگایااور دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم زیادہ دیرتک ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ پر قابض رہنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔