لندن ( جنگ نیوز ) پیپلزپارٹی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے اور ذوالفقار علی بھٹو ہر جگہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری لطیف اکبر، اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے لندن کے ہیتھرو ائرپورٹ پر پاکستان واپس جاتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹتے ہوئے کیا۔ سالگرہ کا کیک پیپلزپارٹی یورپ کی طرف سے ابرار میر سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی یورپ نے پیش کیا۔ اس موقع پر چوہدری نثار جوائنٹ سیکرٹری پیپلزپارٹی گریٹر لندن اور ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری پیپلزپارٹی گریٹر لندن بھی موجود تھے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا اس وقت نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بانی چیئرمین شہید ذوالفقار بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور ہم ان کا ہر طریقے سے ساتھ دیں گے تاکہ وہ کامیابی حاصل کریں اور وزیراعظم پاکستان منتخب ہوکر ملک و قوم کو خوشحال زندگی کےلئے مواقع اور زرائع فراہم کریں۔ پاکستان جاکر ہم چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلزپارٹی کی کامیابی کیلئے سر توڑ کوشش کریں گے اور انشااللہ 08فروری کو فتح ہماری ہوگی اور دنیا دیکھے گی کہ ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ اور بینظیر بھٹو شہید کا لخت جگر مسند وزارت عظمیٰ پر بیٹھے گا۔ سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی یورپ ابرار میر نے کہا کہ یہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کا عشق ہے جو سر چڑھ کر بولتا ہے ، ہم لندن کی اندھیری صبح کو بھی اپنے قائد کی سالگرہ منانے ائرپورٹ پہنچ گئے جو ایک حسین یاد کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ابرار میر نے کہا کہ ہم نے ہر صورت شہید بھٹو کا مشن پورا کرنا ہے۔ چوہدری لطیف اکبر پیپلزپارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹ کر ہم نے اپنے قائد کے ساتھ ان کے مشن کو پورا کرنے کا تجدید عہد کیا۔