• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے پیکیج منظور کرائینگے‘ کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہوگی کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے حکومت سے پیکیج منظور کرائیں تاکہ کارپوریشن کی گاڑیوں کی مرمت اور ملازمین کی تنخواہوںکا مسئلہ حل ہوسکے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو ایوب اسٹیڈیم میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے زیراستعمال ہیوی وہیکل ، سکرمشین ، کچرہ اٹھانے والی گاڑیوں کے معائنے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد ، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن جبار بلوچ ، چیف سینی ٹیشن افسر انور لہڑی ، اشفاق بادینی ، سرور زہری سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر جبار بلوچ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو شہر میں صفائی اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی گاڑیوں سمیت دیگر مشینری کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن کے افسران اور ملازمین شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں ۔ کارپوریشن کے پاس 150 کے قریب گاڑیاں ہیں جن میں اکثر گاڑیاں 1970 سے چلتی ہوئی اب ناقابل استعمال ہوچکی ہیں جبکہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ان کی مرمت بھی نہیں کرائی جاسکتی ۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ میٹروپولیٹن کیلئے حکومت سے پیکیج منظور کرائیں تاکہ کارپوریشن کی گاڑیوں کی مرمت اور ملازمین کی تنخواہوںکا مسئلہ حل ہوسکے۔
کوئٹہ سے مزید