اسلام آباد (خبر نگار) احتساب عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں مبینہ خورد برد کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کر دی۔ گزشتہ روز ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی ، نیب کی جانب سے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ اس موقع پر فواد چوہدری اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان نوک جھونک ہو گئی۔ عدالت نے نیب کی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کو مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔