کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)علمدار روڈ کوئٹہ کے رہائشیوں نے نیشنل پارٹی کے رہنماء محمد رمضان ہزارہ کی قیادت میں علمدار روڈ ، مری آباد سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش کے خلاف سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا ، دھرنے سے نیشنل پارٹی کے رہنما محمد رمضان ہزارہ ، محمود رند ، سائرہ بتول ہزارہ ، رحیم شاہ ہزارہ اور اسحٰق چنگیزی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ماہانہ ہزاروں روپے کے بل بھیجے جاتے ہیں لیکن گیس ناپید ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس پریشر فوری بحال کیا جائے ۔ دریں اثنا سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے جی ایم انور بلوچ کی سربراہی میں ریلی کی شرکاء سے مذاکرات کئے ۔ جی ایم کی جانب سے گیس پریشر کی بحالی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا ۔