گریٹر مانچسٹر/ بولٹن( ابرار حسین ) بولٹن بروملے کراس کے کونسلر ندیم مسلم نے وزیراعظم رشی سوناک سے بکسٹن کے دورہ کے دوران ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم کو بولٹن کمیونٹیز کے اہم مسائل جن میں گڑھوں کے فنڈ کی چوری اور آف روڈ پر بائیک چلانے والوں اور دیگر جرائم کی جانب توجہ دلائی جو کمیونٹی کیلئے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ جرم خواہ چھوٹا ہو یا بڑا اس کی باقاعدہ تفتیش ہونی چاہئے اور اس مقصد کیلئے نہ صرف پولیس فورس موجود ہے بلکہ ہوم سیکرٹری کے مطابق جرائم کے خاتمہ کیلئے دیگر قانونی اداروں کو بھی تحقیقات کرنی چاہئے اور اس سلسلے میں حکومت مقامی حکام کو ایک فنڈ بھی مہیا کرتی ہے، اس حوالے سے انہوں نے وزیراعظم رشی سوناک کو بتایا کہ حکومتی فنڈنگ سے گریٹر مانچسٹر میں 1,000 نئے پولیس افسران کو جرائم سے نمٹنے کیلئے جلدی کے ساتھ تربیت دی جا سکتی ہے تاکہ وہ فرنٹ لائن پر جا سکیں۔ کونسلر مسلم کا کہنا ہے کہ حکومت نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ گریٹر مانچسٹر میں گڑھوں کی مرمت کیلئے £296m کی سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ کمیونٹی میں بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ہر ایک بارو کیلئے کتنی رقم تقسم کی جائے گی لیکن وزیراعظم اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس فنڈنگ سے بولٹن کے علاقے بروملے کراس کو بھی حصہ ملنا چاہئے تاکہ موجودہ مسائل جو کمیونٹی کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں ان سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔ وزیر اعظم نے کونسلر ندیم مسلم کو یقین دلایا کہ کوشش کی جائے گی کہ اس فنڈنگ سے بولٹن کمیونٹی کے مسائل حل ہوں۔