کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر پارٹیاں اقتدار کے حصول کے لیے تو لائین میں لگی ہوئی ہیں لیکن اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل کی دہشت گردی و جارحیت کے خلاف کچھ بولنے، امریکا و اسرائیل کی مذمت اور حماس کی حمایت کرنے پر تیار نہیں ہیں، جماعت اسلامی انتخابی سرگرمیوں اور سیاسی جوڑ توڑ کے ماحول کے باوجود حماس کے قائد اسماعیل ہانیہ کی جانب سے مسلمانوں سے احتجاج کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے بھر پور احتجاج اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کرے گی، اس سلسلے میں 14جنوری کو شاہراہ فیصل پر دوپہر 3بجے عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ ملین مارچ“ہوگا، ”غزہ ملین مارچ“ کی تیاریوں اور عام انتخابات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ کراچی عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنی فیملیز کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے اگر گیس کا بحران ختم نہ کیا گیا تو ہم 17جنوری کو سوئی سدرن گیس کے ہیڈ آفس پر دھرنا دیں گے۔ اس موقع پر نامزد امیدوار این اے 231انجینئر عمر فاروق،نامزد امیدوار پی ایس 127مسعود علی، چیئرمین یونین کمیٹی خداداد کالونی نعمان حمید اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے،حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ہمیں امید ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان جیل سے ہی حماس کی حمایت کا اعلان کریں گے۔