بہاولپور(نیوز ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شیر کے شکار کیلئے بلا استعمال نہیں ہوتا، تیر کام آتا ہے، یہ شکار کا موسم ہے، ہم نے شیر کا شکار کرنا ہے، صرف پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہی ہے، باقی سب ادھر اُدھر دیکھ رہے ہیں۔
ہاکی اسٹیڈیم بہاول پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ تمام صوبوں اور وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی، پنجاب میں جیالا وزیر اعلی پنجاب بنے گا،تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے، مالکانہ حقوق دلوائیں گے، غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کریں گے، تنخواہ میں اضافہ بلکہ ڈبل کرکے دکھائیں گے، غریب عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی، ملک بھر میں مفت تعلیمی ادارے، سکھر کی طرح بہاولپور میں بھی این آئی سی وی ڈی مفت دل کے علاج کا اسپتال بنائیں گے، حکومت بننے کے بعد بینظیر مزدور کارڈ بھی لیکر آئیں گے، بینظیر کسان کارڈ کے نام پر کسانوں کی جیب تک مالی مدد پہنچاوں گا، کسان کو بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے فرٹیلائزر سبسڈی دلوائیں گے، بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے انشورنس دلوائیں گے، صحت کی سہولیات جنوبی پنجاب سے شروع کریں گے، ایک سیاسی جماعت جیل سے بچنے کے لئے اور دوسری اپنے لیڈر کو جیل سے نکلانے کے لئے الیکشن لڑ رہی ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک بار پھر انقلابی منشور کی ضرورت ہے، باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، پیپلزپارٹی آپ کی نمائندگی کرتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنی تو 10 نکاتی ایجنڈے پر خود عمل کروں گا، میں آپ کی تنخواہ میں اضافہ کروں گا،جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کو مفت اسپتال بنا کر دوں گا، بانی پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتا، میں سندھ میں 20 لاکھ گھر بنا کر مالکانہ حقوق خواتین کو دے رہا ہوں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، ہم غریب ترین خواتین کو بلاسود قرضہ دیں گے، پچھلی بار حکومت میں آئے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لیکر آئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بار مرد حضرات کیلئے بھی کچھ لیکر آرہا ہوں، نوجوانوں کو سمجھائیں اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، تیر پر ٹھپہ لگائیں۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت بنی سب سے زیادہ روزگار نوجوانوں کو ملا، نوجوانوں کو مالی مدد کے ساتھ ساتھ روزگار بھی دلوائیں گے، میرا آخری وعدہ بھوک مٹاو پروگرام ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان میں کوئی بھوکا نہ سوئے، پاکستان کی ہر یونین کونسل میں بھوک مٹاو پروگرام شروع کروں گا۔