راولپنڈی، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے لئے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کر دیے۔
پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ یہ ٹکٹس جعلی ہیں، بیرسٹرگوہر جیسےکرپٹ پارٹی پر قابض ہیں ، ان کے ساتھ بات نہیں ہوسکتی۔
پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کا کہناہے کہ اختر اقبال ڈار سے زبردستی یہ بیان لیا گیا ہے، وہ دباو میں آکر معاہدے سے پھر گئے ہیں، دو ہفتہ پہلے معاہدہ ہوا ،معاہدہ موجود ہے ، کچھ دیر میں جاری بھی کردیں گے۔
دریں اثناء الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نشان الاٹ کرنے کے حوالے سے اہم حکم نامہ جاری کر دیا۔
اپنے حکم نامے میں الیکشن کمیشن نے کسی بھی سیاسی جماعت کا انتخابی نشان دوسری سیاسی جماعت کے امیدواروں کو الاٹ کرنے سے روک دیا۔
الیکشن کمیشن نے حکم نامے میں کہا ہے کہ ایسی تمام درخواستیں مسترد کر دی جائیں، اس حوالے سے سختی سے قانون اور اعلیٰ عدلیہ کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ ٹیم میں سب کرپٹ ہیں میں ان سے بات نہیں کرسکتا، بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا لیکن یہ سب کرپٹ ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی سے سوال کیا گیا کہ کیا ان سے اتحاد یا ٹکٹ جاری کریں گے؟
اس پر اختر اقبال ڈار نے کہا کہ ان سے بات نہیں ہوسکتی، بیرسٹرگوہر جیسےکرپٹ اور دو نمبر لوگ پارٹی پر قابض ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کا کہنا تھا کہ اختر اقبال ڈار نے پریس کانفرنس کی اب ہمیں دیکھنا ہے کیسے آگے بڑھنا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے مجبوری میں اپنے امیدواروں کو پی ٹی آئی نظریاتی کا ٹکٹ جمع کرانے کا کہا ،سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں آرہا تھا اور ٹکٹ جمع کرنے کا وقت ختم ہورہا تھا،بحالت مجبوری ہم نے اپنے امیدواروں کو بلے باز کے ٹکٹ جمع کرانے کیلئے کہا، اختر اقبال ڈار نے ہمارے پارٹی چیئرمین کے ساتھ بیٹھ کر دستخط کئے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ اختر اقبال ڈار کے ساتھ ہمارے تعلقات تھے اسی بنیاد پر معاہدہ کیا۔
رؤف حسن نے کہا کہ اختر اقبال کے ساتھ بھی وہی ہوا جو دیگر پریس کانفرنس کرنے والوں کے ساتھ ہوا، اختر اقبال ڈار کو اغوا کیا گیا ہے پھر زبردستی یہ بیان لیا گیا ہے، پی ٹی آئی کیخلاف تسلسل سے مہم جاری ہے، پی ٹی آئی امیدواروں کو ٹکٹ جمع نہیں کرانے دیئے گئے،بیرسٹر گوہر کے ساتھ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے گھر بھی گڑبڑ کی گئی ہے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امیدوار اپنے فارمز جمع کرواسکیں یہ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہمیں فارم جمع کروانے کیلئے مناسب وقت دیا جائے۔