کراچی ( اسٹاف رپورٹر)نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کا اسٹیک ہولڈر کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل ملک کی تجارتی سرگرمیوں کیلئے برآمدات اور درآمدات دونوں کیلئے ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ بات انہوں نے ویسٹ وہارف میں ہچیسن پورٹس کے آئی سی ٹی کی جانب سے 15 ملین TEUS کوہینڈل کرنے کا سنگ میل عبور کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں چین کے قونصل جنرل مسٹر یانگ یونڈونگ، کے پی ٹی کے چیئرمین سید سیدین رضا زیدی کے علاوہ صنعت کے مختلف نمائندوں نے شرکت کی۔ جسٹس باقر نے کہا کہ ہچیسن پورٹس کے آئی سی ٹی نے چوتھائی صدی مکمل کی اور 15 ملین TEUS کا اہم سنگ میل حاصل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی تجارت کے سنگم پر اپنے اہم کردار کیلئے پہچانا جانے والا KICT ایک اہم مرکز بن گیا ہے جو اقتصادی ترقی کے فروغ اور ملک کی آمدنی میں نمایاں حصہ ڈال رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان کی میری ٹائم انڈسٹری میں KICT کے کلیدی کردار پر اعتماد کا اظہار کیا اور کراچی کے مشرقی گیٹ وے کے طور پر دوبارہ بحالی میں انکے کردار کوسراہا۔