اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رئوف عطا ء نے پی بی -45میں مبینہ متنازعہ ضمنی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک بار پھر آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے میں مکمل ناکام ہوگیا ہے، سوموار کے روز جاری ایک بیان میں میاں محمد رئوف عطا ء نے کہاہے کہ ہم سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اگر الیکشن کمیشن صرف 15 پولنگ سٹیشنوں والے اتنے چھوٹے حلقے میں منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی ضمانت نہیں دے سکتا تو وہ قومی سطح پر منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو کیسے یقینی بنا سکتا ہے؟ ان متنازعہ انتخابات کا انعقاد اس اہم آئینی عہدے پر براجمان موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔