مانچسٹر (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں جہاں سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کیلئے بھاری ٹیکسز سمیت دیگر اقدامات کئے جاتے ہیں وہیں سگریٹ نوشی کو چھڑانے کے لئے این ایچ ایس نے رواں ماہ کے اختتام پر ایک انقلابی دوا متعارف کرانے کا عندیا دیا ہے۔صحت کے سربراہان کلینکس پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپریل سے قبل زیادہ سے زیاد ہ سگریٹ نوشی میں مبتلا افراد کو ’’سائٹسائن‘‘ کی گولیاں تجویز کریں آکسفورڈ یونیورسٹی کے تحقیقی مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو طویل المدتی اور دیرپا اثرات کیلئے سب سے موثر آپشنز میں ’’سائٹسائن‘‘ مفید گولی ہے ،مذکورہ دوا برسوں سے مارکیٹ میں موجودہے مگر اسےاین ایچ ایس پر مہیا نہیں کیا گیا تھا، دوا کی ممکنہ طو رپر مہینے کے اختتام تک سپلائی شروع کر دی جائے گی۔ محکمہ صحت اگلے مالی سال کیلئے تمباکو نوشی کی خدمات کو سپورٹ کرنے کیلئے مقامی حکام کو 70ملین کی مالی امداد فراہم کر رہا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ مذکورہ گولیاں تجویز کرنا شروع کر دیں۔ ٹوری ایم پی باب بلیک مین، آل پارٹی پارلیمانی گروپ آن تمباکو نوشی اور صحت کے سربراہ نے کہا کہ نئی دوا تمباکو نوشی سے چھٹکارے کے امکانات کو بڑھا دے گی، اضافی فنڈنگ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ رواں سال ساڑھے 3لاکھ سے زائد تمباکو نوش افراد کو وہ مدد میسر آ سکے گی جس کی انہیں ضرورت ہے۔ میڈیکل واچ ڈاگ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسی لینس اس دوا کا جائزہ لے رہا ہے۔