پشاور(نیوزرپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے پاکستا ن تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت علی محمد کی ضمانت منسوخ کرنے کے لئے دائر درخواست خارج کردی۔ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست صوبائی حکومت نے دائر کی تھی۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم نے درخواست کی سماعت کی۔اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ خیبر پختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو غیر قانونی بھرتیوں اور ٹھیکوں میں بے قاعدگی سے متعلق الزامات میں ضمانت دی ہے۔ اہم شہادتوں کو نظرانداز کر کے ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا ۔ جو غیر قانونی فیصلہ ہے لہذا اس فیصلے کو کالعدم قرار دے کر علی محمد خان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ دوسری جانب ملزم کے وکیل نے درخواست خارج کرنے کے حق میں دلائل دیئے۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد صوبائی حکومت کی درخواست خارج کردی اور سپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔