• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر لندن نے ٹرانسپورٹ فار لندن کی سروسز کے کرائے منجمد کر دیئے، مسافر سالانہ 90 پونڈ بچا سکیں گے

لندن (سعید نیازی/شہزادعلی) میئر لندن صادق خان نے ٹرانسپورٹ فارلندن کی سروسز کے کرائے مارچ 2025 تک منجمد کر دیئے ہیں۔ یہ اقدام دارالحکومت کی ٹرانسپورٹ سروسز میں 123ملین پونڈ کی سرمایہ کاری کا حصہ ہے۔ میئر آفس کے مطابق کرائے منجمد کئے جانے سے مسافر سالانہ 90پونڈ کی بچت کر سکیں گے۔ میئر لندن کی طرف سے یہ اعلان مرکزی حکومت کی طرف سے ٹی ایف ایل فنڈنگ گیپ کو ختم کرنے کیلئے 250ملین پونڈ کی فراہمی کے چند ہفتوں بعد کیا گیا ہے۔ سٹی ہال میں کنزرویٹو پارٹی کی نمائندگی کرنے والوں نے کرائے منجمد کرنے کے اقدام کو میئر لندن کی طرف سے دو مئی کو ہونے والے لندن کے میئر کے انتخاب سے قبل ووٹروں کو خریدنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ لندن میئر کیلئے کنزرویٹو امیدوار سوسن ہال نے اسے صادق خان کا آخری حربہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی میئرشپ کی تمام مدت کے دوران رقم نہ ہونے کا رونا رونے والے صادق خان ہم سے یہ توقع کرتے ہیں ہم یہ سمجھ لیں کہ یہ رقم معجزانہ طور پر جمع ہو گئی ہے۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ عوام کونسل ٹیکس اور ULEZ کی غیرمنصفانہ توسیع کی صورت میں ادا کرتے ہیں۔ میئر لندن صادق خان جنہوں نے 2016سے 2021تک بھی کرایوں کو منجمد رکھا تھا نے کہا ہے کہ یہ نہ صرف لوگوں کی جیبوں میں پیسہ واپس ڈالے گا، جس سے لندن کے لاکھوں لوگوں کے لیے ٹرانسپورٹ زیادہ سستی ہو جائے گی، بلکہ لوگوں کو ہمارے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک پر واپس آنے کی ترغیب ملے گی۔ اس سے لندن کی ثقافت، خوردہ اور مہمان نوازی کے شعبوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بار بار منجمد کیے جانے سے لندن کے لیے ٹرانسپورٹ کو حقیقی معنوں میں 21فیصد سستی ہو گئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ "جب بھی میں کرایوں کو منجمد کر سکتا ہوں، میں ایسا کرتا ہوں۔ جیسا کہ ہم سب کے لیے ایک خوبصورت، سرسبز اور زیادہ خوشحال لندن کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کو مزید سستی اور دلکش بنانا میرے منصوبے کا کلیدی حصہ بنتا رہے گا۔" کرایہ منجمد لندن کی بسوں، ٹیوب، ڈاک لینڈز لائٹ ریلوے اور ٹراموں اور زیادہ تر شہر کے اندر لندن اوور گراؤنڈ اور الزبتھ لائن کے کرایوں کی ادائیگی پر لاگو ہوگا۔ ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ٹی ایف ایل کو دی گئی رقم سے پکاڈلی لائن کیلئے نئی ٹرینوں کی فراہمی بھی ممکن ہوگی۔ اس سے قبل صادق خان ٹی ایف ایل کے عملے کیلئے تنخواہ میں 5 فیصد اضافہ کی پیشکش کو بڑھانے کیلئے اضافی فنڈنگ دینے کا بھی کہا تھا جس کے سبب یونینز نے طے شدہ ہڑتالوں کو ملتوی کر دیا تھا۔

یورپ سے سے مزید