• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کی جائے، کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ (خ ن)کمشنر کو ئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی زیر صدارت عام انتخابات کے حوالے سے قلعہ عبداللہ اور چمن کے معاملات سے متعلق اجلاس منفقد کیاگیا۔جس میں ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن سوبان دشتی،اسسٹٹ کمشنر ریویو کوئٹہ ڈویژن حنیف کبزئی ،اسسٹٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن کلیم اللہ کے علاوہ دیگربھی موجود تھے۔اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے جس میں مانیٹرنگ افسران کو الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر ہرصورت عملدرآمد اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی کہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواران کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انہیں نوٹس جاری کریں گے۔سرکاری اور نجی املاک پر پوسٹرز ،پارٹی جھنڈے اور چاکنگ کرنا سخت ممنوع ہے لہذا الیکشن مہم میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔اس کے علاؤہ ڈپٹی کمشنر چمن کو ہدایت کی گئی کہ وہ الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ درایں اثنا ء کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی زیر صدارت عوام کی سہولت کے لیے کوئٹہ سٹی ایپ کے اجراء اور دیگر معاملات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر )سعد بن اسد ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئےجبکہ فوکل پرسن اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی محب اللہ اور نمائندہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بھی موجود تھے۔ اجلاس میں عوام کی سہولت کے لیے کوئٹہ سٹی ایپ کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلا ً غور و خوض ہوا اجلاس میں سٹی ایپ کے حوالے سے سروسز ،ڈیٹا انٹری، موٹروہیکل رجسٹریشن، لوکل ڈومیسائل سرٹیفکیٹ اور اسلحہ لائسنس کی سہولت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقت نے کہا کہ شہریوں کی ضرورت اور سہولت کے لیے کوئٹہ سٹی کے نام سے ایک ایپ بنایا جائے گا جس میں عوام لوکل ڈو میسائل سرٹیفکیٹ، اسلحہ لائسنس، موٹر وہیکل رجسٹریشن اور دیگر سہولیات باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔عوام کی سہولت کے لیے سٹی ایپ کا انعقاد ایک ایسا اقدام ہے جس کا مقصد شہریوں کو روز مرہ کی زندگی میں درپیش مشکلات کو حل کرنے میں مدد کرنا ہے اس کے علاوہ شہری گھر بیٹھے محض ایک کلک پر مختلف معلومات اور سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ 
کوئٹہ سے مزید