• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے 66؍ فیصد بچوں کو فیل کردیا گیا، گورنر سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کے 66؍ فیصد بچوں کو فیل کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ، والدین پریشان ہیں،سیاسی لوگ بھی احتجاج میں شریک ہورہے ہیں، کراچی کے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو مخاطب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اگر وہ اپنے طلبہ کے انٹر سال اول کے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں تو وہ اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سے باقاعدہ رابطہ کریں ان کی جائز شکایات پر کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر کراچی سلیم راجپوت کے ہمراہ انٹر بورڈ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک انٹر بورڈ سے کراچی کے بڑے اور معروف کسی بھی کالج کی انتظامیہ نے رابطہ نہیں کیا، بورڈ کے پاس ان میں سے کسی کالج کے اسکروٹنی فارم موصول نہیں ہوئے تو ان کی اسکروٹنی کیسے کریں۔ ادھر انٹرمیڈیٹ کے متنازع نتائج کے معاملہ پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انٹر بورڈ کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا پیرنٹس ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منگل کو 10 متاثرہ طلبہ کے رول نمبر انٹر میڈیٹ بورڈ کے حوالے کیے جائیں گے بورڈ ان طلبہ کی کاپیوں کی تفصیلی جانچ کرکے 10روز میں اپنی رپورٹ اتھارٹی کو پیش کرے گا جس کی بنیاد پر فیصلہ ہوگااورکمشنر کراچی 20دن میں ان بچوں کے پیپرز کی مکمل اسکروٹنی کریں گے اسکروٹنی کا عمل شفاف ہوگا جس کی غلطی ہوگی وہ اس کو قبول کرے گا۔