مانچسٹر (نمائندہ جنگ) چوہدری محمد نوازصدر گرینڈ اوورسیز کلب نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انتخابات کا بگل بج چکا اور سیاسی سرگرمیو ں میں اضافہ ہو رہا ہے سیاستدان ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے منشور کی بنیاد پر عوام کا سامنا کریں اور یہ عوام پر چھوڑ دیں کہ وہ کسے منتخب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تارکین وطن کی پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات پر نظریں جمی ہوئی ہیں اور وہ اپنے علاقے سے انتخابات میں حصہ لینے والوں کیلئےمعلومات اکٹھی کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق تو نہیں مگر ان کے اہل خانہ جو پاکستان میں مقیم ہیں، الیکشن میں اپنا مرکزی کردار ضرور ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک کسی بھی پارٹی کے سربراہ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف پہنچانے کا کوئی نعرہ بلند نہیں کیا اور انہیں مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے، ان کی تمام سیاسی جماعتوں سے یہ اپیل ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے بارے میں جلد از جلد پارٹی منشور کا اعلان کریں ،ابھی تک سیاستدان بجلی، گیس اور مکانات کی تعمیر میں پھنسے ہوئے ہیں، سیاستدان اتنے ہی وعدے کریں جتنے وہ پورے کر سکتے ہیں ورنہ عوام حکومت بننے کے بعد چند مہینوں میں ہی جاوے جاوے کے نعرے بلند کرتے نظر آئیں گے۔