اسلام آباد(این این آئی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد نئی سیاسی جماعت بنے گی، وہ جماعت میری نہیں ہے ، میں بھی اس سیاسی جماعت کا حصہ بنوں گا۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں دیکھوں گا اس جماعت کا مقصد کیا ہے، ہمارے ملک میں 3بڑی جماعتوں نے نئی سیاسی جماعت کو اسپیس دی ہے،نئی جماعتیں عوامی مقصد کیلئے بنائی جاتی ہیں لیکن آئی پی پی اور پی ٹی آئی پی بھی اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت کیلئے بہت سے لوگوں نے رابطہ کیا ہے، ان میں کچھ لوگ ایسے ہیں جنہوں نے سیاست چھوڑ دی ہے، اسجماعت میں شامل ہونے والے مفتاح اسماعیل بھی ہے۔انہوں نے کہا میں اپنی یہ ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ ملک کو ایسی سوچ دی جائے جو پاکستان کو کئی معاملات سے باہر نکال سکیں۔