کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 8فروری کو کراچی یہاں کے باشندوں کو واپس کرنا ہے، اس ملک کو بنانے والوں کی اولادوں کے علاوہ کوئی اور چلا نہیں سکتا اس بار اِس شہر کے مینڈیٹ کو ماضی کی طرح ردی کی ٹوکری میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،سینئر ڈپٹی کنوینر متحدہ قومی موومنٹ فاروق ستار نے کہا ہے کہ 8فروری کو عوامی گورنر کی طرح سندھ کو عوامی وزیراعلیٰ بھی دینگے، سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 5 سال کیلئے عوام اگر سندھ ہمارے حوالے کر دے تو ایسا کام کرینگے کہ پیپلز پارٹی والوں کی لاڑکانہ سے بھی ضمانتیں ضبط ہو جائینگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف حلقوں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوک عزیز آباد پر حلقہ برائے قومی اسمبلی-248 اور صوبائی اسمبلی- 124- 125-126 کے مرکزی انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 8فروری ہماری تہذیب کا امتحان ہے اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ رکھنے کیلئے متحد ہونا ہے، آئندہ عام انتخابات میں ایم کیو ایم اپنے نئے سفر کا آغاز کریگی یہ شہر دوبارہ روشنیوں کی طرف گامزن ہوگا، ایم کیو ایم کا منشور ہے کے اختیار اور آزادی کا حق سب کیلئے ہونا چاہئے،دشمن کی سازشوں کے خلاف ہمیں مل کر لڑنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی و اراکین رابطہ کمیٹی، ٹاؤن کے ذمّہ داران و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں سینئر ڈپٹی کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان و حق پرست اُمیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 241 ڈاکٹر فاروق ستار نے انتخابی مہم کے سلسلے میں پاکستان چوک جامع کلاتھ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ8فروری کو دن پتنگ پر مہر لگاکر سندھ پر 15 سالوں سے قابض کچے کے ڈاکوؤں سے صوبے کی تباہی و بربادی کا حساب لیں۔ دریں اثناءایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے 15 سالوں میں اگر سندھ میں نیک نیتی سے کام کیا ہوتا تو آج ہم پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن نہیں لڑ رہے ہوتے، کاموں کی وجہ سے ضم ہو گئے ہوتے یا ختم ہو چکے ہوتے، بلاول بھٹو زرداری کی سندھ حکومت نے 22 ہزار ارب روپے خرچ کئے اور کراچی دنیا کے رہنے کے لائق 4 بدترین شہروں میں شمار ہو گیا۔ وہ گلشن اقبال ٹاؤن میں انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر امیدوار برائے NA236 ایڈوکیٹ حسان صابر، امیدوار برائے PS99 سید فرحان انصاری، امیدوار برائے PS101 معید انور بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے تحت اتوار کو شاہ فیصل کالونی میں بڑے انتخابی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم پاکستان کو دوبارہ تعمیر کر کے دکھائیں گے،8 فروری اپنا ووٹ اپنوں کو دینا ہے، سنیئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا کہ پورے کراچی میں بول رہے ہیں لندن سے بائیکاٹ آئے گا ہمیں ووٹ نہیں پڑیں گے انہیں آج بھی لندن کے بائیکاٹ کا آسرا ہے،کراچی والوں نے ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے،پانچ سال کے لیے سندھ ہمارے حوالے کر دو اگلے الیکشن میں لاڑکانہ سے بھی پیپلز پارٹی کو جیتنے نہیں دینگے،کراچی ایسا لگتا ہے مقبوضہ کشمیر ہے پندرہ سالوں کی حکمرانی کے بعد بھی ہر گلی میں مسائل ہیں ۔