کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک ‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ سی پیک جو افغانستان تک لے جایاجارہا ہے یہ گیم چینجر ہے۔ میں سمجھتا ہوں بھارت اب جنگ نہیں کرسکتا لیکن گند ضرور کرے گا ،سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ بی جے پی انتخابات میں ناکامی کے خوف سے سخت بیانات دے رہی ہے،میزبان حامد میر نے کہا کہ مودی مسلسل ناکامیوں کے بعد گھبرا کر کوئی نئی جنگ نہ چھیڑ دیں ۔ چیئرمین پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا کہ روس بھارت کے دوہرے معیار سے ناخوش ہے اور جنوبی ایشیا میں بھارت تنہا ہوچکا ہے۔ را اور آئی ایس آئی کے ماضی میں ڈائیلاگ ہوتے رہے ہیں مگر نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے۔ بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ بی جے پی کے نظریاتی ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ بھارت اب جنگ نہیں کر سکتا لیکن خطے میں عدم استحکام پیدا کر سکتا ہے۔ سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ بی جے پی انتخابات میں ناکامی کے خوف سے سخت بیانات دے رہی ہے۔