کوئٹہ (آن لائن)وائس فار بلوچ مسنگ کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہوشاپ اور تجابان ضلع کیچ سے بلوچ طالب علم اسلم ولد کریم بخش،حمل ولد قادر بخش اور بہادر ولد چاکر کو فورسز نے غیر قانونی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔بلوچ طلبا کے اہلخانہ انکی باحفاظت بازیابی کے لیے سی پیک ایم ایٹ روڑ پر ہفتہ سے دھرنا دے کر بیٹھے ہوئے ہیں ،دھرنے میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ بھی لاپتہ طلبا کے حوالے سے انکے اہلخانہ کو معلومات فراہم نہیں کررہی ہے جو باعث تشویش ہے۔ نصراللہ بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچ طلبا پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے اگر وہ بے قصور ہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کرکے انکے خاندان کو ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے ۔