کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی زیر صدارت عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق تمام پولنگ اسٹیشنزپرسیکورٹی سہولیات،ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن/ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفسر سوبان دشتی، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ ڈویژن حنیف کبزئی کے علاؤہ کوئٹہ ڈویژن کےتمام ڈپٹی کمشنرکوئٹہ ، قلعہ عبداللہ ،چمن اور پشین کے علاؤہ تمام ریٹرنگ افسران سمیت چلتن ریفلز ،پولیس اور دیگر اداروں کے افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کوئٹہ ڈویژن میں عام انتخابات کے حوالے سے تمام اضلاع میں کنٹرول روم قائم کرکے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ تمام ڈی سیز دو روز کے اندر اندر کنٹلجنسی پلان ،سیکورٹی پلان اور دیگر انتظامات مکمل کرکے رپورٹ جمع کریں۔اس کے علاؤہ تمام حساس پولنگ سٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کاکام جلد مکمل کریں۔اجلاس میں کہا گیا کہ ریٹرنگ افسران پولنگ اسٹیشنز ،پولنگ اسٹاف اور عملے کی مکمل فہرست مرتب کرکے ڈویژن کنٹرول روم کو بھجوائیں تاکہ سیکورٹی پلان کے مطابق اقدامات کئے جاسکیں۔ریٹرنگ افسران تمام پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرکےکیمروں کی تنصیب کے علاؤہ سیکورٹی ،ٹرانسپورٹ، عملے اورپولنگ اسٹاف کی موجودگی اورغیر حاضری پر متبادل کے لیے پیشگی انتظام کریں جبکہ پولنگ سٹیشنز پر پولیس لیویز اور ایف سی کے علاؤہ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار تعینات ہونگے۔ اجلاس میں تمام حساس پولنگ سٹیشنوں اور کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرچمن ،قلعہ عبداللہ اورپشین کو ہدایت کی گئی کہ وہ عام انتخابات کے حوالے سے اپنی پیشگی تیاریاں جلد از جلد مکمل کریں تاکہ سیکورٹی اور کنٹلجنسی پلان کو حتمی شکل دے سکیں۔