بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان آزادکشمیر سے برطانیہ واپس پہنچ آئےہیں اپنے دورہ آزادکشمیر اور پاکستان کے دوران انہوں نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی برطانیہ اور یورپ میں مسلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی برطانیہ روانگی سے قبل انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق سے خصوصی ملاقات کی۔ راجہ نجابت حسین نے وزیر اعظم آزادکشمیر کو برطانیہ اور یورپ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو سفارتی محاذ پر اُجاگر کرنے کے لئے تحریکی عہدیدار،دیگر سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں، کونسلروں، ممبران پارلیمنٹ اور کشمیر دوست تنظیموں کے ساتھ مل کر پانچ فروری سے لے کر گیارہ فروری تک کانفرنسیں، سیمینارز اور مذاکرے منعقد کرنے کے علاوہ برطانوی پارلیمنٹ، برمنگھم، مانچسٹر، لندن، بریڈ فورڈ، راچڈل اور نیلسن میں تقریبات منعقد کریں گے تا کہ عالمی برادری کو،برطانیہ کے سیاستدانوں کو، برطانیہ کے عوامی نمائندوں کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں آگاہی دی جا سکے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بیرون ممالک بسنے والے کشمیری تحریک آزادی کشمیر کے حقیقی سفیر ہیں مقبوضہ کشمیر کی آزادی، اس کے عوام کے حقوق اور تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے کے لئے بہت جلد برطانیہ اور یورپ کا دورہ کروں گا انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جس تسلسل کے ساتھ اپنے وطن کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں اس کی تکمیل کے لئے بیرون ممالک بسنے والے کشمیری اور اندرون ملک آزاد کشمیر کی حکومت، حریت کانفرنس کی قیادت اور پاکستان کے عوام جس انداز میں یکجہتی کی تقریبات منعقد کر رہے ہیں قابل تحسین ہیں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ان کا جہاں شکریہ ادا کیا وہیں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بیس کیمپ کی حکومت اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے جدو جہد کو تیز کر ے گی اور تمام لوگوں کو بلا امتیاز سیاسی وابستگی قومی نقطہ ء نظر کے مطابق منظم کرے گی تا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے چنگل سے آزاد کروایا جا سکے۔