• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے ناپاک عزائم خطے کے امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں، مقررین

برمنگھم (پ ر) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام یکجہتی کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت کے ناپاک عزائم خطے کے امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔دو ایٹمی قوتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر کا ُپرامن اور دیرپا حل ہی امن کی ضمانت مہیا کرتا ہے، کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، برطانیہ نے اگر بھارت کی فوجی مداخلت کو روکا ہوتا اقوام متحدہ نے اپنے معاہدوں پر عمل درآمد کیا ہوتا کشمیریوں کے ساتھ انصاف کیا جاتا تو لاکھوں کشمیریوں کا قتل عام نہ ہوتا، بچے یتیم اور عورتیں بیوہ نہ ہوتی ۔ سید مودودی فائونڈیشن کے سرپرست علامہ سرفراز مدنی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا وکیل اور فریق بھی ہے، جب تک دس لاکھ بھارتی فوج کشمیر میں موجود ہے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوسکتا، پاکستان اپنی شہ رگ کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد کرانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ برٹش پاکستانی فورم کے چیئرمین ڈاکٹر بشیر نے کہا کشمیریوں نے جدوجہد آزادی میں بے تحاشہ قربانیاں دے کر دنیا پر واضح کیا ہے کہ وہ اپنے حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے، کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کرتے عالمی امن کے علمبرداروں کو مسلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہئے، کشمیریوں کے ساتھ انصاف کیا جائے برطانیہ میں جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان کے کنوینر راجہ قمر عباس نے یوم یکجہتی کشمیر کے بانی مرحوم قاضی حسین احمد زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ممبر آف پارلیمنٹ افضل خان اور لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ممبر آف پارلیمنٹ اینڈریو جوائین نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا ویڈیو پیغام دیا۔کانفرنس سے پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس،تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم، برمنگھم کے صدر چوہدری اکرام الحق، افتخار جگنوو دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔کانفرنس کا آغازحافظ عبدالوہاب کی تلاوت سے کیا گیا، خواجہ نثار احمد نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی، خواجہ عارف نے کشمیر پر اپنا کلام پیش کیا۔

یورپ سے سے مزید