• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات، جڑواں شہروں میں سیکورٹی انتظامات، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرایا جائے گا

راولپنڈی ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) عام انتخابات کے حوالے سے جڑواں شہروں میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ۔ راولپنڈی پولیس کے 9500سے زیادہ افسران سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں اے کیٹیگری کے 580، بی کیٹیگری کے 980اور سی کیٹیگری کے 1221پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی تعینات ہو گی۔ سی پی او نے بتایا کہ ضلع بھر کو سکیورٹی گشت کے حوالے سے 280کلسٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مری روڈ‘ مال روڈ‘ اہم مقامات اور تنصیبات کے قریب ایلیٹ کمانڈوز گشت کرینگے۔ پاک فوج اور رینجرز کوئیک رسپانس فورس بھی اہم مقامات پر پٹرولنگ کریں گی۔ پولنگ سٹیشنوں پر کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔کیپٹل پولیس نے بھی عام انتخابات سے قبل، دوران انتخابات اور بعد انتخابات سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ۔ حساس پولنگ سٹیشنز پر نگرانی کیمرے نصب کئے جائیں گے،انتخابات کے حوالے سے مرکزی کنٹرول روم سیف سٹی اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصرخاں کی زیر صدارت اجلاس میں سکیورٹی امور پر بریف کیا گیا۔آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے تمام افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ کار کو یقینی بنایا جائے گا ۔اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
اسلام آباد سے مزید