• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اور سیکورٹی ادارے عوام کوتحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ،کوئٹہ بار

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ایڈووکیٹ اورجنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نے خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں انتخابی دفاتر میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے ان دھماکوں میں بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت اور سیکورٹی ادارے سیاسی رہنماوں،کارکنوں اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ملک میں الیکشن کا انعقاد پر امن طریقے سے کیا جاتا لیکن گزشتہ کئی دن سے حالات پر امن نظر نہیں آرہے ہیں عوام اور ووٹرز میں ڈر اور خوف کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ اگر الیکشن کے روز ڈر اور خوف کے باعث عوام ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے گھروں سے نہیں نکلے تو یہ جمہوریت کے لئے نیک شگون نہیں ہے بڑی تعداد میں فورسز آج بھی وی آئی پی کلچر اور پروٹوکول کے کھاتے میں نظر آتی ہے لیکن عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے فورسز نظر نہیں آتیں۔ عوام سیاسی رہنماؤں سیاسی کارکنوں کو تحفظ دینا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں انتخابی دفاتر پر دھماکے حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں میں بڑی تعداد میں معصوم لوگوں کی شہادت کے واقعہ کے خلاف کوئٹہ بار ایسوسی کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔ اور مطالبہ کیاکہ الیکشن کا انعقاد پر امن ماحول میں کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید