لندن (نمائندہ جنگ) گلوبل پاکستان کشمیر کونسل کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر پر برٹش ہاؤس آف پارلیمنٹ لندن میں کشمیر کانفرنس کا انعقاد ہوا۔عالمی پاکستان کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر خان نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کشمیر کانفرنس کی میزبانی کی۔ تقریب کا مقصد مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا جو جابرانہ حالات میں مشکلات برداشت کر رہے ہیں کشمیر کانفرنس کا آغاز اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام سے ہوا، آکسفورڈ یونیورسٹی کے امام ڈاکٹر شیخ رمزی نے تلاوت کلام پاک کی۔ راجہ سکندر خان چیئرمین گلوبل پاکستان کشمیر کونسل نے غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور گزشتہ 7 دہائیوں سے زائد انسانی حقوق کی پامالیوں اور سفاک بھارتی مسلح افواج کے ہاتھوں ان پر ڈھائے جانے والے مظالم پر روشنی ڈالی، انہوں نے کشمیر پر غیر قانونی طور پر بھارتی قبضے کی موجودہ صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ کشمیر جو پہلے سے کہیں زیادہ خراب ہوتا جا رہا ہے ۔ ایوان بالا کے تاحیات رکن لارڈ قربان حسین نے کشمیری عوام کے مسائل کو اجاگر کیا جو وہ فاشسٹ انڈین سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں برداشت کررہے ہیں۔ انہوں نے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرکے اس سلگتے ہوئے مسئلے کو قانونی طریقے سے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرائے۔دیگر مقررین جن میں چیئرمین پاکستان محب وطن محاذ چوہدری طارق محمود، بیرسٹر محمود خان، چیئرمین ہیومن رائٹس موومنٹ پروفیسر شاہد اقبال، ڈاکٹر شیخ رمزی، صدر گریٹر لندن گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سلطان، الحسن علی خان، صدر گریٹر لندن پی پی پی میاں سلیم، کونسلر ظہور خان، لورنا مرہ، مشیر صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری دل پزیر، راجہ محمد یاسین، وقاص چوہان، نغمہ اقبال، محمد آزاد جرال، شیخ رحمان، راجہ عبدالقیوم، ساجد خان، نائلہ اقبال، میاں شاہجہان، راجہ افتخار، عظمیٰ جعفری، قیصر مہر، زاہدہ، غلام رسول، ارشد محمود، حبیبہ نے کشمیر کے تاریخی تناظر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی مسلسل جارحیت پر روشنی ڈالی۔ انفارمیشن سیکرٹری تحریک کشمیر ریحانہ علی نے صدر تحریک کشمیر برطانیہ فہیم کیانی کا بیان پڑھ کر سنایا۔ ریحانہ علی جو کہ کلیدی مقرر بھی تھیں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کیا جو 76 سال سے زائد عرصے سے تشدد اور جبر کا شکار ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کی پامالی پر تفصیل سے گفتگو کی۔ چیئرمین راجہ سکندر نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ لوگوں کی حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے اپنا قیمتی وقت دیا۔