کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے حب کینال کا تفصیلی دورہ کرکے ہدایت کی کہ کینال سے کراچی کو جلد پانی بحال کیا جائے ،انہوں نےکینال پر جاری مرمتی کام کا جائزہ اور معائنہ کیا، دورے کے دوران سپرینٹنڈنٹگ انجینئر بلک غلام مصطفیٰ مگھن سمیت دیگر حکام انکے ہمراہ تھے، تفصیلات کے مطابق سی ای او واٹر کارپوریشن نے متعلقہ حکام کو مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حب کینال سے شہر کو جلد پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا دشواری کا سامنا کرنا نہ پڑے، دورے کے موقع پر سپرینٹنڈنٹگ انجینئر بلک نے سی ای او واٹر کارپوریشن کو حب کینال کے مرمتی کام کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ حب کینال پر مرمتی کام کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جو آج رات تک مکمل کرلیا جائے گا اور کل شام جمعرات سے ضلع غربی اور ضلع کیماڑی میں حب کینال سے معمول کے مطابق پانی کی فراہمی شروع کی جائے گی، انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع غربی اور ضلع کیماڑی میں کے تھری کی متبادل لائن سے پانی کی فراہمی کی جارہی ہے، ترجمان واٹر کارپوریشن نے مزید بتایا کہ کینال سے پانی نکالنے کے لیے حب ڈیم کے پانی کو بند کرکے پانی کے دباؤ کو روکنے کے لیے ڈی واٹرنگ پمس لگا ئے گئے تاکہ مرمتی کام جلد مکمل ہوسکے۔