• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا دوسرے ممالک کو بدنام کرنا بند کرے، چین کا انتباہ

بیجنگ (نیوزڈیسک)چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں اپنی سائبر جاسوسی ، سائبر حملے اور سائبر سیکیورٹی کے بہانے دوسرے ممالک کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند کرے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے یہ بات ایک باقاعدہ پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہی۔وانگ نے کہا کہ چین ہر قسم کے سائبر حملوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور قانون کے تحت اس قسم کی کارروائیوں سے نمٹتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ درست شواہد کی عدم موجودگی میں غیر ضروری نتیجے پر پہنچا اور اس نے چین کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے جن میں انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں حقائق کو مکمل طور پر توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔وانگ نے کہا کہ چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔وانگ نے کہا کہ امریکہ خود سائبر حملوں کا اصل اور سب سے بڑا مجرم ہے امریکی سائبر فورس کمانڈ نے کھلے عام کہا ہے کہ دوسرے ممالک کے اہم بنیادی ڈھانچے پر امریکی سائبر حملے جائز ہیں۔وانگ نے کہا کہ گزشتہ برس سے چین کے سائبر سکیورٹی اداروں نے ایسی رپورٹس جاری کی ہیں جن میں چین کے اہم انفراسٹرکچر کے خلاف امریکی حکومت کے طویل عرصے سے جاری سائبر حملوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں اور طرزعمل نے عالمی اہم بنیادی ڈھانچے کو بڑے خطرات سے دوچار کردیا ہے۔وانگ نے کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ دنیا بھر میں سائبر جاسوسی اور سائبر حملوں سمیت سائبر سیکیورٹی کے بہانے دوسرے ممالک کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند کرے۔
یورپ سے سے مزید