• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عام انتخابات 2024 میں کراچی کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 241 سے آزاد حیثیت میں حصہ لینے والے معروف قانون دان و سماجی کارکن جبران ناصر نے "کراچی کے ووٹوں کی حفاظت" کے لئے لیگل ایڈ سیل قائم کردیا ہے،سماجی رابطے پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں جبران ناصر نے کہا ہےکہ کراچی میں مقیم سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ہم آٹھ وکلاء نے "کراچی کے ووٹوں کی حفاظت" لیگل ایڈ سیل قائم کیا ہے، ہمارا مشن کراچی سے الیکشن لڑنے والے تمام امیدواروں کو موثر قانونی نمائندگی فراہم کرنا ہے جو جیتنے کا ثبوت دیتے ہیں لیکن دھاندلی یا ہیرا پھیری سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں،قانونی ٹیم میں ایڈووکیٹ محمد عمر لاکھانی، باسل نبی ملک، سیف اللہ سچوانی، آمنہ عثمان، سعد فیاض، شاہ زیب اختر خان، فرجاد خان اور محمد جبران ناصر شامل ہیں، ہم ووٹ کی سالمیت کو برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے اپنے عزم میں متحد ہیں کہ کراچی کے ووٹرز کے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق ان کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے،جبران ناصر نے انتخابی پٹیشن کے حوالے سے قانونی مدد کے خواہاں امیدوار فارم بھی جاری کردیا ہے،واضح رہے کہ جبران ناصر نے حلقہ میں اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کامیاب امیدوار کو ہرائے جانے کا الزام بھی لگایا تھا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید