کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے گزشتہ ہفتہ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11½ کے رہائشی ظفر عبدالستار خلیق کے بھائی عدنان اوراہل خانہ سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کیا،ملاقات میں امیر جماعت اسلامی ضلع غربی مدثر حسین انصاری،ناظم علاقہ بلال نصیر، چیئرمین یوسی حاشر عمر و دیگر بھی موجود تھے،منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کو امن و امان فراہم کرنا حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ظفر عبد الستار مرحوم کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزادی جائے ، انتہائی غم اور دکھ کی گھڑی ہے کہ ایک گھر کا سہارا اور کنبے کی کفالت کرنے والا رخصت ہوگیا، آخر شہری کب تک اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے،جماعت اسلامی دکھ کی اس کیفیت میں ظفر عبد الستار کے اہل خانہ و لواحقین کے ساتھ ہے،قانونی معاملات میں ہر ممکن معاونت کریں گے، جماعت اسلامی ظفر عبدالستار مرحوم کے بچوں کی تعلیم کا بندوبست کرے گی۔ حکومت کو اپنا طرز عمل درست کرنے کی ضرورت ہے۔