ہم نے پرندوں کے کئی ذہانت بھرے مظاہرے دیکھے ہیں لیکن ایک پرندہ ایسا ہے جو اپنی چونچ سے سوئی کا کام لیتے ہوئے پتوں کو نفاست سے سی کر اپنا گھر بناتا ہے۔ اس پرندے کو ٹیلر برڈ یا درزی پرندہ کہا جاتا ہے۔ یہ ایک چہکنے والا پرندہ ہے یہ ایک یا ایک سے زائد پتوں کو باہمی طور پر سی کر اسے کپ کی شکل دیتا ہے جہاں وہ رہتے ہوئے خود کو حملہ آوروں سے محفوظ رکھتا ہے۔
لیکن ماہرین کے مطابق یہ اپنی سوئی نما چونچ سے باقاعدہ سلائی کے ٹانکے لگاتا ہے۔مادہ درزی چڑیا سب سے پہلے اپنی تیز چونچ سے پتے میں سوراخ کرتی ہے اور اس کے بعد مکڑی کے جالے، خشک گھاس پھوس، یا دیگر اشیا کو دھاگے کی شکل دے کر اس سے پتوں کو سیتی ہے۔
گھونسلے بنانے کے عمل میں مادہ ٹیلر برڈ سب سے پہلے مناسب اور مضبوط پتوں کا بندوبست کرتی ہے۔ یہ پتے اتنے مضبوط ہوتے کہ مادہ پرندے اور اس کے بچوں کا وزن سہار سکیں گے۔ گھونسلے کی تعمیر کے دوران اگر پتوں کو نقصان پہنچے تو مادہ ٹیلر برڈ ان کی بھی مرمت کرتے ہوئے انہیں دوبارہ سی دیتی ہے۔