لوٹن (شہزاد علی) پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں عوام کی بھاری اکثریت نے عمران خان کے بیانیہ کو ووٹ دیا، اقتدار اب پی ٹی آئی کا حق ہے۔یہ بات پی ٹی آئی کے ممبر حاجی چوہدری محمد قرباننے کی ۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری دنیا کی تاریخ میں ایک یادگار دن ہے، بین الاقوامی میڈیا، عالمی برادری اور مہذب دنیا سب یک زبان ہیں کہ الیکشن سے قبل ہر طرح کی دھاندلی اور لیول پلیئنگ فیلڈ کے بغیر ، ماوراءے آئین اور قانون عمران خان کو سنائی گئی سزائوں کے باوجود پی ٹی آئی ہر طرف چھا گئی اور اس کے کارکنوں نے ووٹ کی طاقت سے حیران کن طور پر عمران خان کے بیانیہ پر مہر ثبت کر دی مگر انتخابات میں شکست فاش دیکھ کر الیکشن کے نتائج کو رکوا دیاگیا۔ انٹرنیٹ اور موبائل فون بند کر ادیئے گئے اور نہایت تاخیر سے انتخابات کے نتائج جاری کرکے پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے بعض امیدواروں کو ہرایا گیا، اس کے باوجود اس جماعت سے متعلق کامیاب آزاد امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے مگر اس جماعت کو بدستور حکومت کی تشکیل کے عمل سے باہر رکھنے کی سازشوں کا جال بُنا جا رہا ہے ۔ہم خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ ایسے ذمہ داران نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ایسا عمل پاکستان کیلئے ہر گز سود مند نہیں، دنیا بھر میں مسلمہ جمہوری اصول ہے کہ اقتدار اکثریتی جماعت کو سپرد کر دیا جاتا ہے مگر پاکستان کے اندر الٹ صورتحال ہے جس کےباعث سخت خدشات ہیں کہ ملک کو شدید نقصان پہنچے گا ۔انہوں نے بیان میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کا پُرزور مطالبہ ہے کہ اقتدار بلاتاخیر پی ٹی آئی کے سپرد کیا جائے ، عمران خان اور پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، وزارت عظمی اب تحریک انصاف کا حق ہے، عوام نے ووٹ کی طاقت کے ذریعے عمران خان کے منشور کو عزت دی ہے ، عمران خان ملک کو سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ،حاجی قربان نے کہا کہ بین الاقوامی اور ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ رائے دہندگان نے جن میں بھاری تعداد خواتین اور نوجوانوں کی ہے، نے عمران خان کی حمایت میں ووٹ ڈالے ، خواتین اور نوجوانوں کی آواز کو دبانا کوئی بھی ہوشمند ریاست برداشت نہیں کر سکتی ،عوام کی قابل ذکر تعداد نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے، اب انہیں رہا کرنے اور وزارت عظمی دینے میں مزید رکاوٹ نہ ڈالی جائے، یہی ملک کے لیے بہتر ہے۔