بارسلونا (جواد چیمہ )اسپین میں کرکٹ کے فروغ ، مستقبل قریب میں منعقد کئے جانے والے ٹورنامنٹس اور دو کرکٹ گراؤنڈ کے افتتاح کے حوالےسے کاتالان کرکٹ فیڈریشن نے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ پریس کانفرنس میں کاتالان کرکٹ فیڈریش کے چیئرمین چوہدری امانت حسین ، فیڈریشن کے صدر غلام صابر بٹ، نائب صدر حافظ غلام سرور ، ڈائریکٹر جنرل رابرٹ مسیح ،جنرل سیکرٹری راجہ نثار احمد ، کوآرڈینیٹر پبلک ریلیشن چوہدری عبدالغفار مرہانہ، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری عامر کالس نے کاتالونیا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں صحافیوں کو بتایا ۔ چیئرمین فیڈریش چوہدری امانت حسین مہر نے کاتالان کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان اور سوئس ٹور کے ساتھ ساتھ بارسلونا کے نزدیک کرکٹ کے انٹر نیشنل معیار کے دو گراؤنڈز کی تعمیر اور کرکٹ کے فروغ کیلئے منصوبوں کے بارے میں اظہار خیال کیا ۔ کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے صدر غلام صابر بٹ نے فیڈریشن کی مینجمنٹ باڈی میں شامل ھونے والے نئے ممبران کا تعارف کروایا جبکہ نائب صدرحافظ غلام سرور اور جنرل سیکرٹری راجہ نثار احمد, اور فنانس سیکرٹری سجاول خان نے انٹیگریشن ، وومین کرکٹ ،کاتالونیا انڈر 15,انڈر 19 ، کاتالونیا کرکٹ لیگ کے ساتھ ساتھ ویٹرن کرکٹ لیگ اور سال 2024میں منعقد کئے جانے والے مختلف ٹورنامنٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل رابرٹ مسیح نے فیڈریشن کے دفتری معاملات کاتالونیا سپورٹس ، بارسلونا بلدیہ سپورٹس یونین کاتالونیا اور کرکٹ سپین کے ساتھ بہترین تعلقات کے لئے کاتالان کرکٹ فیڈریشن کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کا ذکر کیا۔