اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے )کے ملازمین نے بعض مراعات روکے جانے کیخلاف دفتر میں احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔ذرائع کے مطابق ملازمین نے گزشتہ روز بونس روکے جانے پرہیڈکوارٹر میں ڈائریکٹر فنانس کے دفتر کے باہرمبینہ طورپر احتجاج کیا اور اپنے کمروں کو تالے لگا دیئے۔ اس حوالے سے جب سیکرٹری پی ایس کیو سی اے سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ملازمین جس قسم کی مراعات کا مطالبہ کر رہے تھے اس طرح کی مراعات (بونس)کی منظوری صرف ریگولر ڈی جی ہی دے سکتا ہے ، موجود ہ ڈی جی کے پاس لک آفٹر چارج ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن بغیر سیکرٹری اورایڈیشنل سیکرٹری کے چل رہا ہے اور پی ایس کیو سی اے کا پچھلے دو سال سےریگولر ڈی جی نہیں لگایا جاسکا جبکہ موجودہ لک آفٹر چارج پر ڈائریکٹر جنرل عصمت گل خٹک پہلے ہی کام سے معذوری کا اظہار کر چکی ہیں ۔