پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 9ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دیدی۔
پشاور زلمی کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اب تک کی ناقابل شکست ملتان سلطانز کی ٹیم 174 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس فتح کے ساتھ بابر اعظم الیون نے ایونٹ میں فتح کا مزہ چکھ لیا۔
ملتان کے ڈیوڈ ملان نے 52 اور یاسر خان نے 43 رنز کی نمایاں باری کھیلی جبکہ ریز ہنریکس نے 28 رنز بنائے۔
کپتان محمد رضوان صفر، خوشدل شاہ 5، افتخار احمد 16، اُسامہ میر 12، ڈیوڈ ویلی صفر، عباس آفریدی 11 اور شاہنواز دھانی صفر رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پشاور زلمی کے عارف ایوب نے 3، سلمان ارشاد، نوین الحق اور لیک ووڈ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک پاول والٹر نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 179 رنز بنائے اور میزبان ٹیم کےلیے 180 رنز کا ہدف سیٹ کیا تھا۔
پشاور زلمی کی طرف سے حسیب اللّٰہ نے 37، بابر اعظم نے 31، رومین پاول نے 23، محمد حارث نے 19 اور آصف علی نے 13 کی اننگز کھیلی تھی جبکہ لیوک ووڈ 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے تھے۔
ملتان کی طرف سے ڈیوڈ ویلی، محمد علی اور اسامہ میر نے 2- 2 شاہنواز دھانی اور عباس آفریدی نے 1-1 وکٹ اپنے نام کی تھیں۔
اس شکست کے باوجود پی ایس ایل 9 میں محمد رضوان کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست جبکہ بابراعظم الیون پوائنٹس ٹیبل پر 5ویں پوزیشن پر آگئی ہے۔
ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی پشاور زلمی کا یہ ایونٹ میں تیسرا میچ تھا، اُسے ابتدائی دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری طرف ملتان سلطانز کا ایونٹ میں یہ چوتھا میچ تھا، اس نے تینوں میچز میں فتح اپنے نام کی جبکہ اُسے آج کے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، پی ایس ایل میں اپنے آخری 12 میچز میں رضوان الیون کو یہ دوسرے میچ میں شکست ہوئی ہے۔
ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو آخری 5 میچز میں لگاتار شکست سے دوچار کیا تھا لیکن آج بابر اعظم الیون فاتح قرار پائی ہے، پی ایس ایل 2024ء میں رضوان الیون نے کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کو شکست دی ہے۔
آج کے میچ میں محمد رضوان، ڈیوڈ ملان، ریز ہینڈرکس، یاسر خان، افتخار احمد، خوش دل شاہ، ڈیوڈ ویلے، اُسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی اور شاہنواز دھانی ملتان سلطانز کی ٹیم کا حصہ تھے۔
پشاور زلمی کی طرف سے صائم ایوب، بابراعظم، محمد حارث، حسیب اللّٰہ خان، رومن پاول، آصف علی، پاول والٹر، لک ووڈ، عارف یعقوب، نوین الحق اور سلمان ارشاد میدان میں اترے۔