• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع کوئٹہ کا ہر عہدیدار پارٹی پالیسی کا پابند ہے‘ ن لیگ

کوئٹہ( پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں پورے بلوچستان خاص طور پر کوئٹہ میں ضلعی عہدیداروں اور کارکنوں کی انتھک محنت کی بدولت پارٹی کو واضح کامیابی ملی، ضلع کوئٹہ کا ہر کارکن اور عہدیدار پارٹی پالیسیوں پر عمل کا پابند ہے اور انتخابات سے قبل ضلعی کابینہ کے اجلاس میں انتخابات سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوا اس پر ہر کارکن اور ہر عہدیدار نے من و عن عمل کیا ، ہمیں کسی کے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں کہ کس کی کارکردگی کیا رہی، حالانکہ ایک گروہ کی جانب سے ضلع کوئٹہ سے متعلق پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے ، ہر جگہ ناکامی اور شکست کے بعد مذکورہ گروہ اب ضلع کوئٹہ کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کوئٹہ کے صدر ارباب اقبال، جنرل سیکرٹری جاوید اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرکابینہ کے تمام ارکان موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم قائد ن لیگ میاں نوازشریف کے جانباز سپاہی اور اپنے مرکزی و صوبائی قائدین کے ہر فیصلے پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ انتخابات سے قبل ضلع کوئٹہ کے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے ہر یونین کونسل اور وارڈ سمیت ہر گلی محلے میں کام کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ضلع کوئٹہ کے ہر عہدیدار اور کارکن نے بھرپورمحنت کی جس کا نتیجہ آج ہم سب کے سامنے ہے ، انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر ضلع کوئٹہ کی کارکردگی سے خائف اور پروپیگنڈوں میں مصروف ہیں لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ضلع کوئٹہ کا ہر عہدیدار اور کارکن پہلے سے زیادہ متحد اور پارٹی ڈسپلن کا پابند ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کوئی بھی عہدیدار اور کارکن مخالفین کے پروپیگنڈوں پر کان نہ دھرے بلکہ شہر میں پارٹی کو مزید فعال و منظم بنانے کیلئے بھرپور محنت کی جائے۔
کوئٹہ سے مزید