کوئٹہ / نیویارک (پ ر) چیئرپرسن بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کرن بلوچ نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے 70ویں اجلاس میںبلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کی، اس اہم عالمی فورم میں انہوں نے بلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خواتین کی بااختیاری اور صنفی مساوات کے فروغ کے عزم کو اجاگر کیا۔اجلاس میں دنیا بھر سے حکومتی نمائندوں، پالیسی سازوں، ماہرین اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی جہاں خواتین کے حقوق، سماجی و معاشی ترقی میں ان کے کردار اور صنفی مساوات کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کرن بلوچ نے بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور معاشی و سماجی بااختیاری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی ترقی اور بااختیاری کسی بھی معاشرے کی مجموعی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔