کوئٹہ(پ ر) پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے زونل آرگنائزر لطیف کاکڑ اور آرگنائزنگ باڈی کے ممبران نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت، سیاسی پارٹیوں، طلباء تنظیموں، سول سوسائٹی، غیر سرکاری تنظیموں اور معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ سکول داخلہ مہم میں بھرپور کردار ادا کریں اور جہالت مٹانے اور شرح خواندگی بڑھانے کیلئے والدین کو اپنے بچے سکول میں داخل کرانے کیلئے ترغیب دیں۔ بیان میں محکمہ تعلیم سے اپیل کی گئی کہ وہ مفت درسی کُتب اور دیگر ضروری سامان کی تمام سکولوں میں فراہمی اور درس وتدریس کے سلسلے کو وقت مقررہ پر شروع کرنے کو یقینی بنا کر طلباء کے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر بچی اور بچے کا بنیادی حق ہے اور کمزور معاشی حالات کے باوجود بچوں کو اس حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ لہذا والدین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ موجودہ بدترین معاشی بحران کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنا چاہیئے۔