لاہور(جنگ نیوز/ایجنسیاں)پنجاب اسمبلی میں مسلم ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ملک محمد احمد خان 224ووٹ لے کراسپیکر جبکہ ظہیراقبال چنڑ220ووٹ لیکر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔ سنی اتحاد کونسل کےا سپیکر کے امیدوار احمد خان بھچر نے96ووٹ لئے، الیکشن میں کل 322ووٹ ڈالے گئے جبکہ 2 ووٹ مسترد ہوئے۔ڈپٹی اسپیکر کیلئے سنی اتحادکونسل کے امیدوار معین ریاض نے103ووٹ لئے ۔ جیت پر لیگی ارکان نے شیر شیر اور مریم مریم کے نعرے لگائے ۔ اسپیکر سبطین خان کی صدارت میں پنجاب اسمبلی اجلاس اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیرسے شروع ہوا۔نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ایوان میں آمد پر شور شرابا ہوا اور سنی اتحاد کونسل اورن لیگ کے ارکان نے ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی۔پنجاب اسمبلی کے 5 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا اور حلف اٹھانے والوں میں سنی اتحاد کونسل کے حافظ فرحت بھی شامل ہیں۔نماز مغرب کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو نئے اسپیکر کے انتخاب کا عمل شروع کیا گیا۔ اسپیکر کیلئے ن لیگ کے ملک محمد احمد خان کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر سے تھا۔ پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کیلئے 3 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے۔ن لیگ کے ملک احمد خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔ملک محمد احمد خان نے بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا اور سبطین خان نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔